مہاتیر کے دیس میں ۔۔۔۔قسط  سولہ

0
3209

تحریر: محمد لقمان

بوکت بنتانگ۔۔۔۔کوالا لمپور کا ایم ایم عالم روڈ

اگر کوالالمپور میں ملبوسات کے جدید برانڈز کی تلاش ہو تو اس کے لئے سب سے بہتر علاقہ بوکت بنتانگ اسٹریٹ ہے۔ وہ کسی طور پر بھی ٹوکیو کے گنزا اور نیو یارک کے ٹائمز اسکوائر سے کم نہیں ۔ وہی رنگ و نور کی برسات اور  دنیا کے ہر کونے سے آئے سیاحوں کا رش۔ اگر لاہور کے کسی تجارتی علاقے سے موازنہ کیا جائے تو ایم ایم عالم روڈ ہی اس سے مشابہ ہے۔ سیاحوں کو بکت بنتانگ کے علاقے تک لے جانے کے لئے ملائشین حکومت نے  کوالالمپور کی مرکزی مارکیٹ پسر سینی سے مفت بس سروس جاری کر رکھی ہے۔ جو کہ نہ صرف بکت بنتانگ تک لے کر جاتی ہے بلکہ آپ کو واپس پسر سینی کے بس اسٹاپ تک لے کر آئے گی۔ جہاں سے آپ بس اور لائٹ ریلوے کے ذریعے کوالالمپور کے کسی بھی علاقے تک جا سکتے ہیں ۔ بوکت بنتانگ میں سنگائی وانگ پلازہ، بکت بنتانگ پلازہ اور اسیتان شاپنگ کمپلیکس ہیں۔ یہاں آپ کو عرب کھانوں کے ھوٹلوں کے علاوہ ترک اور چینی کھانوں کے ریستوران بکثرت نظر آتے ہیں۔   کوالالمپور کے دیگر علاقوں کی طرح بوکت بنتانک سٹریٹ میں بھی روائتی گداگروں سے واسطہ نہیں پڑا۔ مگر گٹار بجا کر اور گانے گا کر بخشیش مانگنے والے متعدد نظر آئے۔ گانے گانے والی ایک نابینا مغنیہ کے گرد تو سیاحوں کا جیسے تانتا بندھا ہوا تھا۔ ہر کوئی تعریفی کلمات کہتا اور اس کے آگے ڈالرز اور رنگٹس رکھ دیتا ۔ گویا گداگری کا مغربی انداز اس ترقی یافتہ ایشیائی ملک میں بھی موجود تھا۔ بوکت بنتانگ میں ہر طرف شاپنگ سنٹرز، کیفے ، بار اور کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں ہیں۔ بڑے بڑے ریٹیل مالز میں بر جایا ٹائمز اسکوائر، امبی پلازہ، فارن ہائٹس ایٹی ایٹ، لو یاٹ پلازہ، سٹار ھل گیلری ، لاٹ ٹین اور پاویلین کوالا لمپور شامل ہیں۔ فارن ہایٹ ایٹی ایٹ کے اندر جا نے کا اتفاق ہوا تو وہاں ہر طرح کی ملبوسات کے برانڈز نظر آئے

بوکت بنتانگ سے ملحقہ ایلور اسٹریٹ میں کھانے پینے کی اشیا نسبتاً سستے داموں دستیاب ہیں۔ زیادہ تر چینی کھانا نظر آتا ہے۔جن میں پورک ، مینڈک  کے علاوہ شراب بھی دستیاب ہے جو کہ مقامی اور غیر ملکی مسلمان سیاحوں کے لئے دلچسپی کا باعث نہیں ہوتی۔  ارد گرد کے علاقوں میں مساج سینٹر بھی عام ہیں۔ خاص طور پر گرین ایلیفنٹ نامی سینٹر بوکت بنتانگ علاقہ کا ایک بڑا مساج مرکز ہے۔ جہاں چینی ماہرین راحت کا سامان فراہم کرتے ہیں۔ بوکت بنتانگ میں دلچسپی کا ایک اور سامان مونو ریل ہے۔ جس پر جانے کے لئے پیدل افراد کے ایک ایک پل کو استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے زیر زمین اسٹیشن کے ذریعے بھی بکت بینتانگ کو لائٹ ریلوے سے منسلک کیا گیا ہے۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here