مہاتیر کے دیس میں ۔۔۔۔قسط سترہ

0
2958

تحریر: محمد  لقمان

کوالالمپور:شاپنگ کریں تو کہاں کریں

سن وے  کے پیرامڈ شاپنگ مال اور کوالالمپور  کے بوکت بنتانگ اسٹریٹ کے علاقے تو بہت مہنگے ہیں جہاں عموماً سیاح ونڈو شاپنگ کرتے ہی دکھائی دیتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ کوئی خرچ کرے تو ایک آدھ پرس ہی خرید پاتا ہے۔۔آخر کم وسائل والے سیاح جائیں تو کہاں جائیں۔۔ ہمیں بھی کئی روز کی بازار نوردی  کے بعد پتہ چلا کہ کوالالمپور کا پسر سینی کے علاقے میں صرف بس ٹرمینل  اور لائٹ ریلوے اسٹیشن ہی نہیں۔۔ اس کے دائیں بائیں ایسی مارکیٹیں اور شاپنگ سنٹرز ہیں جہاں نہ صرف اشیائے صرف کثرت سے دستیاب ہیں  بلکہ سستی بھی ہیں۔ اس میں سب سے اہم علاقہ سینٹرل مارکیٹ ہے جو کہ تقریباً ایک صدی پہلے تک سبزی اور گوشت کی منڈی تھی۔ مگر بعد میں  یہ ایسا تجارتی مرکز بن گیا جہاں سیاح اپنی مرضی کی مقامی دستکاریاں خرید سکتے ہیں۔  آرٹ کے شاہکار بھی یہاں موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے مراکز واقع ہیں جہاں سیاحوں کے لئے اپنی مرکزی کا فوڈ لینے کی سہولت موجود ہے۔ پسر سینی بس اسٹیشن پر کھڑے ہو کر سامنے کی طرف دیکھیں تو ایک بڑا شاپنگ مال برجایا ٹائمز اسکوائر۔۔۔  نظر آتا ہے۔ رات کے وقت یہ جگمگاتا تجارتی مرکز ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔   اگر آپ کو بہت زیادہ مہنگے برانڈز میں دلچسپی نہیں تو ٹائمز اسکوائر میں ہر چیز دستیاب ہے۔ ہر فلور پر ملبوسات ، جوتے، بیگ اور دیگر اشیا بکنے کے لئے موجود ہیں۔ کوالالمپور جیسے مہنگے شہر میں یہ شاپنگ سینٹر کسی نعمت سے کم نہیں۔آرٹیفیشل جیولری تو بہت سستے داموں دستیاب ہے۔ کان کی بالیوں کی 3 سے 4 جوڑیاں 10 رنگٹس (300 روپے) میں مل جاتی ہیں۔

ریکسین کے بنے جوتے 60 رنگٹس میں بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ بڑے شاپنگ سینٹرز کے برعکس آپ یہاں مول تول کرسکتے ہیں۔ مہنگی شاپنگ  کے علاقے بوکت بنتانگ  کے بالکل پہلو میں لو یات پلازہ میں الیکٹرونکس کی مصنوعات سستے داموں موجود ہیں۔ تقریباً 500 دکانوں میں سجائے کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور دیگر آئی ٹی مصنوعات کے ہر قسم کے برانڈز عوامی دلچسپی کے بڑے مراکز ہیں۔ اگر آپ کو نایاب اشیا کی تلاش ہے تو ایم کورپ مال بہترین جگہ ہے۔ یہاں دکانیں ہفتے اور اتوار کو کھلتی ہیں۔ بکنے والی پرانی مگر نایاب اشیا میں ملبوسات، کتب، کھلونے، چمڑے کے جوتے، پرانی کیسٹس اور سی ڈیز، ہربل ادویات اور بہت ساری دیگر آئٹمز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پیتا لنگ اسٹریٹ بھی خریداروں کے لئے ایک اہم مرکز ہے۔ یہی پر کوالالمپور کا بازار حسن بھی موجود ہے۔ اگر آپ نے کوالالمپور کے باڑہ مارکیٹ جانا ہو تو چائنہ ٹاون بہترین علاقہ ہے۔ یہاں پر ایک نمبر سامان کے ساتھ دو نمبر مصنوعات بھی دستیاب ہیں۔ دکاندار اگر آپ مہنگے برانڈ کے پرفیوم کے لئے دو سو رنگٹس طلب کرے تو مول تول کے بعد آپ اسے پچاس رنگٹس میں بھی خرید سکتے ہیں۔ کیونکہ قیمت کم ہے تو معیار بھی بہت اچھا نہیں۔ مگر آپ یہ دو نمبر مال وطن واپسی پر کسی دوست یا عزیز کوضرور تھما سکتے ہیں۔ چائنہ ٹاون میں کھانے پینے کی بہت ساری دکانیں ہیں۔ مگر ان میں سے زیادہ تر خوراک حلال نہیں۔ مینڈک اور پورک کے علاوہ دیگر چینی کھانے بھی اسی علاقے میں آسانی سے مل جاتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here