مہاتیر کے دیس میں ۔۔۔۔قسط تیرہ

0
2887

تحریر: محمد لقمان

پترا جایا: ملائشیا کا انتظامی دارالحکومت (۲ٌ )

ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے پترا جایا جائیں تو 25 کلومیٹر طویل راستے پر جو چیز سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔ وہ مختلف اقسام کے درخت ہیں۔۔ ان میں کہیں کہین آئل پام کے درخت بھی نظر آتے ہیں۔ مگر زیادہ تر مقامی اقسام ہی ہیں جو کہ سایہ دار بھی ہیں۔  شہر کے اندر بھی 38 فی صد رقبہ باغات اور پارکس پر مشتمل ہے۔  اتنا سبز ماحول ہمیں اسلام آباد اور لاہور میں بھی نظر نہیں آتا۔  اس شہر کی جدید سرکاری عمارتیں، وسیع و عریض سڑکیں، خوبصورت پل  اور دلکش مساجد ہر آنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔ اسلام آباد میں شاہرہ دستور پر واقع ایوان وزیر اعظم کی روائتی عمارت کے برعکس ملائشین وزیر اعظم کا پردانہ پترا میں دفتر کی ایک اپنی ہی  بات ہے۔ سبز گنبد والی عمارت اسلامی اور جدید طرز تعمیر کا امتزاج ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر  اس کے اندر ہر کوئی جا نہیں سکتا ۔ مگر باہر سے اس کا نظارہ بھی بھلا لگتا ہے۔ شہر کی پترا مسجد بھی بھی مشرق وسطی اور ملائی انداز تعمیر مجسم ہوگئے ہیں۔

جھیل کے کنارے 1997 میں تعمیر ہونے والی مسجد میں 15000 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ مسجد کا اندرون گلابی رنگ کا ہے۔ مسجد میں داخلے ہر کسی کو ایک خاص کا لبادہ پہن کر جانا پڑتا ہے۔ شہر کے بیچوں بیچ موجود جھیل میں مختلف آبی کھیلوں اور تفریحات کی سہولت موجود ہے۔ نئی صدی کی یاد گار بھی سیاحوں کی نگاہوں کی خیرا کرتی ہے۔ اکیسویں صدی کے شروع میں تعمیر ہونے والی یادگار مختلف انداز سے ملائشیا کی تاریخ کا اظہار کرتی ہے۔ پترا جایا کی سیر سیاح بائسکل پر بھی کرسکتے ہیں جس کے لئے ایک ایسا ٹریک تیار کیا گیا ہے۔ اس شہر بے مثال کی سیر رات کو اپنا ہی مزہ دیتی ہے جب یہ رنگ و نور کے سیلاب میں ڈوبا ہوتا ہے۔ پترا جایا کی تعمیر سے جہاں  ملائشیا کا انداز حکمرانی بدلا ہے تو وہیں کوالالمپور پر بوجھ بھی کم ہوا ہے۔

کوالالمپور میں مختلف ممالک کے سفارت خانے ہیں۔ ثقافتی مراکز ہیں۔ مگر انتظامی امور کے بہت کم دفاتر باقی ہیں۔  پتراجایا کا ماڈل پاکستان میں شہروں میں بڑھتی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ شہروں کے بیچوں بیچ کسی قسم کے ریڈ زون بنانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ہی سیکیورٹی انتظامات سے شہری آبادی متاثر ہوگی۔ ملائشیا کی ترقی کی دوسری علامت پترا جایا سے ملحقہ سائبر جایا کا شہر ہے۔ جس میں ایک سائنس پارک تعمیر کیا گیا ہے۔  ملائشیا کی حکومت اس کی ترقی اس انداز سے کر رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ سلیکان ویلی کی شکل اختیار کرلے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here