زعفران: دنیا کی سب سے قیمتی فصل

0
3595

تحریر: محمد لقمان

اردو کا بڑا مشہور محاورہ ہے کہ گدھا کیا جانے زعفران کا بھاو۔ عموماً یہ کسی ایسے انسان کے بارے میں کہا جاتا ہے جس کو کسی قیمتی یا نایاب چیز کی قدر نہ ہو۔ اگر محاوراتی دنیا سے باہر نکل کر بھی دیکھیں کہ زعفران کی قیمت کا اندازہ ایک عام انسان بھی نہیں لگا سکتا۔ زعفران دنیا کی واحد فصل ہے جوکہ کلو کی بجائے گرام کے حساب سے بکتی ہے۔ اس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت کئی مرتبہ پانچ ہزار ڈالرز فی کلو گرام سے بھی زائد ہوجاتی ہے۔ گویا کہ ایک گرام زعفران پانچ ڈالرز کا ملے گا یعنی سو ا آٹھ سو روپے کا۔ دنیا بھر میں زعفران کی سالانہ پیداوار صرف دو سو پچاس ٹن ہے جس میں سے ترانواے فی صد پیداوار ایران سے آتی ہے۔ ایک پودے سے زعفران کے صرف تین یا چار دھاگا نما تنکے پیدا ہوتے ہیں۔ جن کو چننا بھی ایک کسان کے لئے مشکل کام ہوتا ہے۔ جن کو سکھانے کے بعد بیچا جاتا ہے ۔صدیوں پہلے اس کو رنگ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا مگر اب ا س کا استعمال زیادہ تر کھانوں یا ادویات میں ہی ہوتا ہے۔ انیس سو ترانوے میں ایران گیا تو مجھے ڈبی میں بند زعفران کی بہت معمولی مقدار کئی ڈالرز میں ملی تھی۔ پیاز نما اس بیش قیمت پودے کو مصر، ایران،ا سپین، شام، فرانس، پرتگال،ترکی، چین اور اٹلی میں کاشت کیا جاتا ہے مقبوضہ کشمیر کے علاوہ آزاد کشمیر اور کوئٹہ کے گرد و نواح کے چند علاقوں میں کی جاتی ہے لیکن یہ کاشت بہت بڑے پیمانے پر نہیں ہوتی۔ قدیم روایات ہیں کہ زعفران میں کھیت میں جو بھی جاتا ہے۔ اس کی ہنسی چھوٹے بغیر نہیں رہتی۔ عملی زندگی میں یہ بات کس حد تک درست ہے یہ صرف اس کے کاشتکار ہی بتا سکتے ہیں۔ زعفران اپنے اندر سیکڑوں طبی فوائد بھی رکھتا ہے، سرسام کی شکایت میں اس کا استعمال انتہائی مفید و مجرب ہے،یہ پیشاب کی رکاوٹ کو دور کرتا ہے،جلن دور کرتا ہے۔زعفران کی معمولی مقدار جو دو سے تین چاول کے دانوں کے برابر ہو اس کا استعمال وزن کم کرنے میں مددگار بنتا ہے، یاداشت کوبہتر بناتاہے،ذہنی تناؤ اوردباؤ، بھولنے کی بیماری کو دور کرتا ہے۔زعفران بھوک کی کمی کو دور اور ہاضمہ درست رکھتا ہے۔زعفران کا استعمال شوگر کے مریضوں کیلئے بھی فائدہ مند ہے، مثانے اور جگر کو قوت بخشتا ہے، بوجھل طبیعت میں تقویت دیتا ہے، بلغم کے اخراج میں آسانی پیدا کرتا ہے۔تشنج میں زعفران کا استعمال غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے اور تشنج کے نتیجہ میں متاثرہ کونہ صرف بیکٹیریا کے حملوں سے روکتا ہے بلکہ ان کے حملوں سے اعصاب کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کرتا ہے اور گردن اور جبڑے کے پٹھوں کو تقویت دیتا ہے۔
آنکھوں کی جملہ تکالیف بشمول سرخی اور درد سے نجات کا باعث بنتا ہے۔ حیض میں رکاوٹ کو دور کرتا ہے، حاملہ خواتین کو زعفران کا استعمال زچگی میں آسانی پیدا کرتا ہے۔ گویا کہ زعفران صرف مہنگا ہی نہیں، یہ قیمتی انسانی زندگی کا محافظ بھی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here