خدیجہ کو انصاف مل گیا۔ زخمی کرنے والا 7 سال کے لئے جیل چلا گیا

0
3105
Khadija Siddiqui ultimately gets justice

تحریر: محمد لقمان
لاہور کی ایک عدالت نے اپنی ہم جماعت کو خنجر کے پے در پے 23 وار کر کے شدید زخمی کرنے والے طالبعلم کو سات سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
یہ واقعہ گذشتہ برس مئی میں پیش آیا تھا جب بااثر گھرانے سے تعلق رکھنے والے ملزم شاہ حسین نے نجی لا کالج کی طالبہ خدیجہ پر ریس کورس کے علاقے میں سرعام اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ اپنی چھوٹی بہن کو سکول سے لینے گئی تھیں۔
خدیجہ اپنی گاڑی میں بیٹھنے ہی والی تھی کہ ہیلمٹ پہنے شاہ حسین اس کی جانب بڑھا اوراس پر خنجر سے 23 مرتبہ وار کیے۔
پولیس نے ملزم شاہ حسین پر اقدام قتل کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں درج کیا تھا اور پولیس نے دورانِ تفتیش ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور چھری بھی برآمد کی تھی۔
عدالت نے اس مقدمے کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل کی تکمیل پر 27 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو ہفتے کے روز سنایا۔
کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے شاہ حسین کو سات سال قید کی سزا دینے اور انھیں احاطۃ عدالت سے فوراً گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ 24 مئی کو لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو خدیجہ پر حملے کا مقدمہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ عدالت کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی حکم دیا تھا کہ وہ مقدمے کی ہفتہ وار رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائیں اور عدالت کو تمام پیش رفت سے آگاہ رکھیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here